پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل، قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور
پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر قومی اسمبلی میں ایک اہم اور متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی، جس میں دونوں ممالک کی دوستی کو خطے میں استحکام اور ترقی کی علامت قرار دیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے قرارداد پیش کی، جسے حکومت اور اپوزیشن کی مکمل حمایت حاصل ہوئی۔ ایوان میں چین کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کی آمد پر ارکان نے ڈیسک بجا کر پرتپاک خیرمقدم کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چینی مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور یہ دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگرچہ سیاسی اختلافات موجود ہیں، لیکن چین پاکستان کا قابلِ اعتماد دوست ہے اور اس کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے چینی وفد کے احترام میں اپوزیشن کے بائیکاٹ کو مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک چین تعلقات کو خطے کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔
قرارداد کی منظوری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ارکان ایوان سے باہر چلے گئے، جبکہ پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو نے بھی چینی وفد سے خصوصی ملاقات کی۔