یو اے ای سفر اب مزید آسان، پاکستانیوں کے لیے نیا امیگریشن نظام متعارف

پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے ایک نئے اور اہم سفری نظام پر اتفاق کر لیا ہے جس کے تحت یو اے ای جانے والے پاکستانی مسافروں کی امیگریشن کارروائی روانگی سے پہلے ہی پاکستان میں مکمل کر لی جائے گی۔ اس اقدام کے بعد مسافروں کو دبئی یا دیگر اماراتی ایئرپورٹس پر طویل قطاروں اور وقت طلب امیگریشن مراحل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

یہ پیش رفت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور یو اے ای کے اعلیٰ سطحی وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی۔ اماراتی وفد کی قیادت کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد بن لہج الفلاسی نے کی۔

حکام کے مطابق نیا “پری امیگریشن کلیئرنس سسٹم” پہلے مرحلے میں کراچی میں آزمایا جائے گا۔ کامیاب آزمائش کے بعد اسے ملک کے دیگر بڑے شہروں تک وسعت دی جائے گی۔ اس نظام کے تحت پاکستانی شہری یو اے ای پہنچنے پر بالکل مقامی پرواز کے مسافروں کی طرح سیدھا ایئرپورٹ سے باہر جا سکیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے اس منصوبے کے تکنیکی اور انتظامی امور کو حتمی شکل دینے کے لیے مسلسل رابطے میں رہیں گے تاکہ اس سہولت کو جلد عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *